نئی دہلی 27 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے سے پہلے ہی ان انتخابات کی تاریخوں ٹوئٹ کر دی۔ الیکشن کمیشن نے اسے انتہائی سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی جانچ کرکے’ سخت کارروائی‘ کی جائے گی۔بہرحال مالویہ نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے تو صرف ایک نیوز چینل کا حوالہ دیا تھا۔ مالویہ نے اس وقت کرناٹک انتخابات کی تاریخ ٹوئٹ کی جب چیف الیکشن کمشنر کرناٹک انتخابات کے پروگرام کا اعلان کرنے کے لئے پریس کانفرنس کر رہے تھے، لیکن اس وقت تک انہوں نے تاریخوں کا اعلان نہیں کیا تھا ۔ بی جے پی لیڈر نے ٹوئٹ کیا تھا کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات 12 مئی کو کرائے جائیں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 18 مئی کو ہوگی۔ پولنگ کی تاریخ کو ظاہر کرنے کے معاملے میں تو وہ صحیح ثابت ہوئے، لیکن ووٹوں کی گنتی کی تاریخ کے معاملے میں غلط ثابت ہوئے، ووٹوں کی گنتی 15 مئی کو ہونی ہے۔جب راوت کی توجہ بی جے پی لیڈر کی ٹوئٹ کی طرف دلائی گئی تو انہوں نے اسے انتہائی سنگین مسئلہ قرار دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ لوگ قیاس لگا سکتے ہیں، لیکن چونکہ معلومات ’ لیک ‘ ہوئی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن معاملے کی جانچ کرے گا اور قانونی اورانتظامی طور پر سخت کارروائی کرے گا۔ راوت نے بعد میں کہا کہ مالویہ کا ٹویٹ غلط تھا، کیونکہ ووٹوں کی گنتی کی اصل تاریخ 18 مئی نہیں بلکہ 15 مئی ہے۔